قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں سیمینار ،معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ پر زور

46

گلگت۔12جون (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ’’یونٹی ان ڈائیورسٹی‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد متنوع ثقافتوں، مذاہب اور پس منظر کے حامل افراد کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اساتذہ، طلبہ، سماجی کارکنوں، صحافیوں اور مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان کے معروف جرنلسٹ سبوق سید،کنٹری ڈائریکٹر FES، فیلکس کولبٹس نے’’یونٹی ان ڈائیورسٹی‘‘ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی اور اسے پاکستان جیسے کثیر الثقافتی معاشرے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ مقررین نے زور دیا کہ تنوع ایک کمزوری نہیں بلکہ ایک طاقت ہے جو معاشرے کو مزید مضبوط اور ہم آہنگ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی احترام، رواداری اور تعاون کے ذریعے پاکستان کے عوام اپنے اختلافات کو ایک مثبت قوت میں بدل سکتے ہیں۔ان سے قبل سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے پرووسٹ ڈاکٹر قمر عباس نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہمیشہ سے تعلیمی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سیمینارز طلبہ اور معاشرے کے دیگر افراد میں اتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔بعد ازاں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر زینب (BNU)، شیخ شرافت ولایتی اور مفتی اعجاز امان نے کہاکہ سیمینار نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو پھیلانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ سیمینار قوم میں رواداری، تحمل اور تعلیم کے ذریعے معاشرتی ہم آہنگی کے لیے کارگر ثابت ہوگی۔

سیمینار کے اختتام پر منتظمین اور شرکاء میں تعریفی اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ سیمینار کے دوران سولات و جوابات کے سیشن میں شرکاء نے اس پروگرام کو ایک کامیاب اور اہم قرار دیتے ہوئے اسے مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔سیمینار کا انعقاد پرووسٹ آفس کے آئی یو اور فریڈرک ایبرٹ اسٹفٹنگ (FES)نے کیاتھا۔