قرآن کریم کی تعلیمات علم اورفکر کے بغیرامت مسلمہ ترقی نہیں کرسکتی، قرآن سے ناطہ جوڑ کر ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، وفاقی وزیر احسن اقبال

97

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات پروفیسراحسن اقبال نے کہاہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات علم اورفکر کے بغیرامت مسلمہ ترقی نہیں کرسکتی، قرآن سے ناطہ جوڑ کر ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ جمعرات کوپارلیمان کے مشترکہ مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے سویڈن میں پیش آنیوالے واقعہ کی مذمت کی اور کہاکہ دنیا میں پرامن بقائے باہمی تب ممکن ہے جب ہم ایک دوسرے کے مذاہب اوررائے کاحترام کرے، اگر دنیا میں احترام نہ ہوں تو پھر تہذیبوں کے تصادم کیلئے کسی ایٹم بم کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا دین ہمیں دوسرے کے مذاہب کااحترام سکھاتاہے مگر آئے روز روشن خیال مغرب میں ہمارے مذہبی جذبات کی نہ صرف خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ جذبات کو بھڑکانے کی اجازت دی جاتی ہے،یہ کیسی روشن خیالی ہے کہ کوئی نہ کوئی نامراد فرد اٹھتا ہے اور کبھی نبی کریمﷺ کی اورکبھی قران کی بے حرمتی کا ارتکاب کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک کروڑ آبادی والے ملک کی وجہ سے دنیا میں کوئی ہالوکاسٹ کی توہین نہیں کرسکتا،مغربی ممالک میں یہ بات ناممکن ہے کہ کوئی ہالوکاسٹ پربات کرے مگر پونے دوارب مسلمان ہونے کے باوجود ہم اس طرح کے واقعات کی روک تھام نہیں کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ دنیا میں وہی قوم بالادست ہوتی ہے جس کے پاس علم اورفکر کی قیادت ہوتی ہے،اسرائیل کی سائنسی ایجادات دنیا کے تمام اسلامی ممالک سے زیادہ ہے۔ علم اورجدت کے بغیرعزت خیرات میں نہیں ملتی، ہم نے علم اورفکر کی قیادت کو چھوڑ دیا ہے اسلئے اس طرح کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں مسلمان اس لئے ممتازتھے کہ ان کا ناطہ قران کریم سے جوڑا تھا، اس وقت کوئی مسلمانوں کے خلاف میلی نظر سے آنکھ اٹھاکرنہیں دیکھ سکتا تھا، ہمیں خوداحتسابی کرنا چاہئیے، ہم نے قران کریم کی تعلیمات کو بھلا دیاہے، ہم نے قران کریم میں انسانیت کی فلاح اورترقی کے روڈ میپ کو نظرانداز کیاہے، قران علم کے مشن کوآگے بڑھانے کی تلقین کرتا ہے اورصرف اسی راستے سے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔