قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے قائم مویشی منڈیاں فعال ہو گئیں

344

فیصل آباد۔ 07 جون (اے پی پی):حکومتی ہدایات کی روشنی میں عیدالاضحی کی آمد کے باعث قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے قائم سیلز پوائنٹس اور مویشی منڈیاں جمعہ کے روز سے فعال ہوگئی ہیں جبکہ عید کے ایام میں سینی ٹیشن کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے عملہ صفائی کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جس کے باعث یکم ذی الحج سے لیکر 13 ذی الحج تک عملہ صفائی ڈیوٹیوں پر حاضر رہے گا تاکہ قربانی کے جانوروں کی وجہ سے اضافی کچرا فوری اٹھاکر ڈمپنگ سائٹس تک پہنچانے میں آسانی رہے

نیز عیدالاضحی پرسنت ابراہیمی کی ادائیگی کا فریضہ سرانجام دینے والے شہریوں کی سہولت کیلئے فیصل آباد میں تحصیل سٹی میں ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ سمندری روڈ، تحصیل صدر میں خانوآنہ بائی پاس ستیانہ روڈ،تحصیل جڑانوالہ میں ریلوے گراؤنڈ اورچک 194رب نزد یو ای ٹی کیمپس مکوآنہ بائی پاس کھرڑیانوالہ،تحصیل سمندری میں نئی سبزی منڈی سے ملحقہ گراؤنڈ،تاندلیانوالہ میں چک 423 گ ب بالمقابل پنجاب کالج ستیانہ روڈ جبکہ چک جھمرہ میں سپورٹس گراؤنڈچک187 رب سمیت جو7 مویشی منڈیاں وسیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں وہاں صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ محکمہ لائیو و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ویٹرنری میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیئے گئے ہیں ۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ لائیو سٹاک چیک پوسٹوں سے قربانی کے جانوروں کو چیک کئے بغیر کوئی جانور سیل پوائنٹس میں نہیں آئے گا جس کیلئے لائیو سٹاک کے عملہ کی حاضری کی سختی سے چیکنگ و مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔انہوں نے بتایا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے سیل پوائنٹس بغیر نفع نقصان کے اصول کے تحت چلیں گے اور کسی جانور کی کوئی پرچی فیس وغیرہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں داخلی راستوں پربھی چیک پوسٹیں قائم کی جارہی ہیں جہاں باہر سے آنیوالے جانوروں کو مویشی منڈی میں آنے سے قبل تفصیلی چیک اور سپرے کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ صفائی کے نظام میں بہتری کیلئے ضلع فیصل آباد میں مزید ایک لینڈ فل سائٹ بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عیدالاضحی پر شہروں میں زیرو ویسٹ رکھنے کا حکم دیا ہے ۔