
اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے اقتدار کا پہلا سال خوفناک تھا، قرضوں کی قسطیں واپس نہ کرنے کی صورت میں ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا لیکن حکومت بحران سے نکلنے میں کامیاب رہی، آج تمام اقتصادی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔
اتوار کو عوام کی براہ راست ٹیلیفون کالز کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کے اقتدار کے پہلے دو سال انتہائی چیلجنگ تھے جبکہ پہلا سال بہت خوفناک تھا، جب ملک کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ تھا کیونکہ سابق حکومتوں نے جو بھاری قرضے لئے ان کی ادائیگی کرنا تھی۔
وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے کم بجٹ مختص کرنے کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ حکومت کے پاس تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر سمیت ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم نہیں تھی، اب حکومت ایسے منصوبے متعارف کرا رہی ہے جن سے دولت میں اضافہ ہو تاکہ بیرونی قرضے بھی واپس کئے جا سکیں اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے بھی فنڈز میسر ہوں۔