سیالکوٹ۔7مئی (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی گجرات کے قصائی نریندری مودی نے نہتے، بے گناہ اور معصوم پاکستانیوں کا جو قتل عام کیا ہے وہ اس کے سیاہ چہرے پہ بدنما دھبہ ہے، مودی کی سفاک ، انتہا پسند اور ہندوتوا سے جڑی سوچ نے مساجد پر حملہ کر کے اپنی ہندو ذہنیت کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا ،ہم یہاں ورکنگ بائونڈری پر کھڑے ہو کر اس کی پرزور مذمت اور اپنے ان شاہینوں کو سلام پیش کرنے آئے ہیں جنہوں نے بھارتی سفاکیت، غرور، تکبر اور اس بدمست ہاتھی کونہ صرف دھول چٹائی بلکہ رافیل طیاروں کو پاش پاش کر کے اس قوم کے غیور اور بہادر نوجوانوں کی نمائندگی کی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ بجوات میں ورکنگ بائونڈری پر قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں بارڈر پہ رہنے والے ہمارے بہادر پاکستانی سیسہ پلائی دیوار بن کے اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور پرعزم طریقے سے ان کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیار ہیں جس پر ہم ان کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی تم نے ایک غیرت مندقوم کو للکارا ہے ، جنگ کا راستہ تم نے چنا ہے اس کو ختم کرنے کا فیصلہ پاکستانی قوم اور ہماری بہادر افواج کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے رافیل طیاروں نے دندناتے ہوئے پاکستان میں گھسنے کی کوشش کی جسے ہماری بہادر افواج نے منہ توڑ جواب دیا اور انہیں پاش پاش کر دیا جس پر میں اپنی بہادر مسلح افواج اور سپہ سالار کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جس قوم کے محافظ جاگ رہے اور سرحدوں پہ سینہ تان کے کھڑے ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا ، یہ قوم میزائلوں سے لیس تو ضرور ہے لیکن لڑتی ایمانی طاقت سے ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593919