قصور، فروری کے مہینے میں ریسکیو 1122 نے 3985 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر

ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 قصور ڈاکٹر نیئر عالم خان نے کہا ہےکہ قصورمیں فروری کے مہینے میں ریسکیو 1122 نے 3985 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا

قصور۔ 04 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 قصور ڈاکٹر نیئر عالم خان نے کہا ہےکہ قصورمیں فروری کے مہینے میں ریسکیو 1122 نے 3985 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں قصور‘ پتوکی‘ کوٹ رادھا کشن‘ چونیاں‘ پھولنگر‘ مصطفی آباد‘الہ آباد اور کھڈیاں سے ریسکیو انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ کے دوران ریسکیو سروس کی کارگردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر گزشتہ ماہ کی کارگردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کنٹرول روم انچارج نے بتایا کہ ریسکیو 1122 قصور نے فروری کے مہینے میں 3788 ریسکیو آپریشنز سرانجام دیئے‘ ان آپریشنز میں 3985 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا گیا‘ 2373 افراد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا‘ 1326 کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 136افراد مختلف حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

انہوں نے بتایاکہ گزشہ ماہ روڈٹریفک ایکسیڈنٹ کی تعداد 1043، میڈیکل ایمرجینسی کی تعداد 2083، لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے 85 واقعات عمارتیں گرنے کے 01 واقعات پانی میں ڈوبنے کے 0 واقعات رپورٹ ہوئے اس دوران سروس نے سات منٹ کا اوسط ریسپانس ٹائم بھی برقرار رکھا فروری کے مہینے میں قصور میں آگ لگنے کے 37 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں بروقت اور جدید طرز پر فائر فائٹنگ کرتے ہوئے حادثات کو سانحات بننے سے بچایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر نیئر عالم خان نے ریسکیو سروس کی کارگردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور عوام کو بروقت اور معیاری ریسکیو سروس فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔