بھارت ،ہسپتال میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک، 20 زخمی

بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک اور 20 جھلس کر زخمی ہو گئے

نئی دہلی۔4جون (اے پی پی):بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک اور 20 جھلس کر زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق سینئر انتظامی عہدیدار نے بتایا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ ضلع مظفر پور میں واقع ایک ہسپتال میں پیش آیا،جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ جمعرات کی علی الصبح صبح تقریباً 3 بج کر 55 منٹ پر لگی۔ اس وقت آئی سی یو میں 13 مریض زیر علاج تھے۔ آگ کے باعث ملحقہ وارڈز میں موجود بعض مریض بھی زخمی ہوئے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے تقریباً 20 مریضوں کو بحفاظت نکال کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔