قصور، 2 ڈاکو گرفتار

105
Arrested
Arrested

قصور۔ 27 اگست (اے پی پی):تھانہ الہ آباد پولیس نے چند روز قبل الہ آباد میں پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے بدنام زمانہ ڈکیت شاہزیب عرف شیبی کے باقی مفرور دو گینگ ممبران کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ڈی پی او قصور عیسیٰ خاں سکھیرا کی خصوصی ہدایت پر رانا محمد زاہد ایس ڈی پی او چونیاں سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ الہ آباد انسپکٹر عابد محمود چھینہ کی سربراہی میں بروقت کارروائی کی گئی۔

گرفتار کئے گئے دونوں ڈکیت انتہائی خطرناک تھے۔ملزمان نے دوران تفتیش 80 سے زائد ڈکیتی، رابری اور رابری مع قتل کی وارداتوں کا انکشاف کیا۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ چند روز قبل پولیس مقابلہ میں مارا جانے والا ڈاکو شاہزیب عرف شیبی انکا سرغنہ تھا۔ان تین ملزمان پر مشتمل گینگ نے علاقہ تھانہ الہ آباد اور قرب وجوار میں گزشتہ ایک سال میں 80 کے قریب رابری، ڈکیتی کی وارداتیں کرتے ہوئے لوگوں کو لاکھوں روپے کی نقدی،موٹرسائیکلوں،طلائی زیورات،موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کیا تھا۔

اسی گینگ نے 15 جولائی کو مراٹیاں کے قریب جیتی والا کے رہائشی حاجی محمد جو نجی بینک سے رقم نکلوا کر جا رہا تھا اسے 10 لاکھ روپے چھیننے کی واردات کے دوران اس کو ناحق قتل کر دیا تھا۔دونوں ڈاکو اشفاق عرف پھاکی اور طاہر عرف بلا (سکنائے منڈی عثمان والا) قصور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ ملزمان کی گرفتاری کے بعد تفتیش جاری ہے۔