سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن قصور کا باقاعدہ افتتاح کیا
قصور ،سپیکر پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزیر تعلیم نے نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن کا افتتاح کیا

مزید خبریں
قصور ۔ 06 جولائی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن قصور کا باقاعدہ افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز علی حمید، نارکوٹکس کنٹرول کے افسران، ریسکیو 1122 کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن کے قیام سے منشیات کی روک تھام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسدادِ منشیات کارروائیوں میں مزید بہتری آئے گی۔
اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے اور منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ انسدادِ منشیات کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے تاکہ ضلع قصور کو منشیات سے پاک اور محفوظ معاشرہ بنایا جا سکے








