قصور ۔ 29 اگست (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں دریائے ستلج کے سیلابی علاقوں میں موجود ہیں‘ انہوں نےشدید بارش میں مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا اور دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا‘سپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر مملکت نے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے انخلاء کے عمل کو چیک کیا اورتتارا کامل میں عوامی خدمت کمیٹی کی طرف سے قائم ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر مملکت کوضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے حفاظتی انتظامات بارے بریفننگ دی گئی۔اس موقع پر سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے بتایا کہ دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے‘ دریائے ستلج میں پانی کا بڑا ریلہ دریا سے گزر رہا ہے‘ خطر ناک سیلابی صورتحال کے پیش نظر علاقہ مکینوں کے انخلاء کا عمل تیزی کیساتھ جاری ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ،ریسکیو،پولیس و پاک فوج کے جوان امدادی کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے سیلاب متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل اور بحالی کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے‘ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی،ڈی پی او قصورمحمد عیسیٰ خاں‘سابق سینئر وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں اور دیگر ضلعی افسران بھی ہمراہ تھے۔