قصور، 10 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر قصور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کا غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور ایل پی جی ریفلنگ شاپس کیخلاف کریک ڈاؤن‘4غیر قانونی منی پٹرول پمپس‘3ایل پی جی ریفلنگ شاپس سیل جبکہ 5افراد کیخلاف مقدمات درج۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پتوکی ڈاکٹر مکرم سلطان نے پتوکی پھولنگر میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس /آئل ایجنسیوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 2منی پٹرول پمپس کو سیل کر دیا جبکہ مشینیں ضبط کر کے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے۔
اسی طرح ایل پی جی ریفلنگ شاپس کے خلاف کاروائیوں کے دوران 3غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ شاپس کو سیل کر کے سامان کو ضبط جبکہ ذمہ داران کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کروا دیئے۔
اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کوٹ رادھاکشن ڈاکٹر محمد انس سعید نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کیخلاف کاروائیاں کر کے 2غیر قانونی منی پٹرول پمپس کو سیل کر کے ذمہ داران کیخلاف مزید کاروائی کی ہدایات جاری کردی۔