قصور میں جعلی اور غیر معیاری دودھ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی،1400لیٹر کیمیکلز سے تیار جعلی دودھ موقع پر تلف،مقدمہ درج

167
Substandard milk
Substandard milk

قصور۔11 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر قصور میں جعلی اور غیر معیاری دودھ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کے دوران 1400لیٹر کیمیکلز سے تیار جعلی دودھ موقع پر تلف کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے بائی پاس قصور پر صحت دشمن عناصر کیخلاف ناکہ لگا کر دودھ بردار گاڑی نمبر CAB-9987کو چیک کیااور گاڑی میں غیر معیاری دودھ پایا گیا۔ ٹیم نے 1400 لیٹر کیمیکلز سے تیار جعلی دودھ موقع پر تلف کر کے مقدمہ درج کروا دیا ہے اور دودھ بردار گاڑی کو بھی موقع پر ضبط کر لیاہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور راؤ عبیدالرحمن کا کہنا ہے کہ جعلی یا ملاوٹی دودھ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے‘جعلی دودھ بنانے والے عناصر کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے عوام کا ساتھ انتہائی لازم ہے‘ صحت دشمن عناصر کیخلاف فیس بک ایپلی کیشن، ٹال فری نمبر 1223 پر شکایات درج کروائیں