دوحہ ۔7مارچ (اے پی پی):قطر اور عراق نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لئے قائم ادارےیو این آر ڈبلیو اے کو 25،25ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق اقوام متحدہ میں قطری سفیر شیخہ عالیہ احمد بن سیف الثانی نےیو این آر ڈبلیو اے کو ہنگامی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی 25 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا عراق نے بھی یو این آر ڈبلیو اے کے لیے 25 ملین ڈالر عطیہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ عراق یہ رقم کب تک ادا کر دے گا۔ناروے کے وزیر خارجہ نے اس سلسلے میں کہا کہ کئی ممالک نےیو این اار ڈبلیو اے کے لیے اپنی امداد معطل کر رکھی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ دوبارہ اس بارے میں سوچیں اور امداد جلد بحال ہو جائے۔ناروے نے یو این آر ڈبلیو اے کے لیے فروری میں 26 ملین ڈالر کی امداد بحال رکھی تھی اور اعلان کیا تھا مزید امداد ملے گی۔
ناروے اس سلسلے میں دوسرے ممالک کو بھی یو این آر ڈبلیو اے کی امداد کے لیے قائل کر رہا ہے۔نارویجن وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ بڑی تعداد میں جن ممالک نےیو این آر ڈبلیو اے کی امداد روک رکھی ہے وہ جلد امداد بحالی کا سوچیں گے، تاکہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔