قطر ایئرویز کی دوحہ سے آک لینڈ تک طویل ترین پرواز منزل مقصود پر پہنچ گئی

128

دوحہ ۔ 06 فروری (اے پی پی) قطر کی قومی فضائی کمپنی (قطر ایئرویز) نے دوحہ سے آکلینڈ تک دنیا کی طویل ترین پرواز کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔آک لینڈ ایئر پورٹ پر مسافروں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئرلائن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی کا مسافر بردار طیارہ بوئنگ777 گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ سے 16 گھنٹے اور 20 منٹ کے سفر میں 14,535 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچا۔اس دوران طیارے نے 10 ٹائم زون عبور کئے ۔طیارے کے پائلٹوں کی تعداد 4 اور عملے کے ارکان کی تعداد 15 تھی۔دوران پرواز 259 نشستوں والے طیارے کے مسافروں کو چائے اور کافی کے 1100 کپ،2 ہزار کولڈ ڈرنکس اور 1036 کھانے فراہم کئے گئے۔آٹھ سال پرانا بوئنگ 777 آک لینڈ سے دوحہ واپسی کا سفر تقریباً 17 گھنٹے میں طے کرے گااور اس طرح یہ مسافر طیارہ ایک چکر میں 29066 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گا۔