قطر میں ورلڈ کپ کا ہونا عالم اسلام کیلئے باعث مسرت ، قطر کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کو حکومت اور عوام مسترد کرتے ہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

124
TAHIR MEHMOOD

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کا ہونا عالم اسلام اور عالم عرب کیلئے خوشی اور مسرت کی بات ہے ، قطر نے شریعت اسلامیہ کے احکامات اور اسلامی روایات کو برقرار رکھ کر قابل فخر عمل کیا ہے ، قطر کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کو پاکستان کی حکومت اور عوام مسترد کرتی ہے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی ، علامہ پیر زبیر عابد، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد اسلم صدیقی، علامہ طاہر الحسن ، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا محمد اشفاق پتافی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ قطر عالم اسلام، عالم عرب کا ایک اہم ملک ہے ، قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کا ہونا عالم عرب اور عالم اسلام کیلئے خوشی اور مسرت کی بات ہے ۔ قطر کی حکومت نے جس طرح فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے انتظامات کیے وہ قابل ستائش اور قابل قدر ہیں۔ ان انتظامات میں جس طرح قطر نے اپنے اسلامی تشخص کو برقرار رکھا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قطر کو اسلامی تعلیمات اور اپنی روایات و اقدار پر عمل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانے والے دراصل ایک اسلامی عرب ملک کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران عالم اسلام اور عالم عرب کی قیادت نے قطر آ کر قطر کی حکومت اور عوام سے جس یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ عالم اسلام عالم اورعرب ممالک کوسعودی عرب کی ارجنٹینا کے خلاف کامیابی پر ایک بڑی خوشی اور خوشخبری ملی اور اسی طرح سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا قطر کا پرچم اپنے گلے میں ڈالنا اور امیر قطر امیر تمیم کا سعودی عرب کا پرچم اپنے گلے میں ڈالنا عالم اسلام عالم عرب کیلئے فرحت کا سبب بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ، حکومت ،علما و مشائخ قطر کے تمام مثبت اقدامات کی تائید و حمایت کرتے ہیں بلکہ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قطر کے خلاف ہر قسم کے پراپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہیں ۔