اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ اپنی ملاقات کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنے بہترین دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک مصروفیات کی اگلی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہماری معیشت کے مختلف شعبوں میں قطر کی طرف سے 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بدھ کو دوحہ میں دیوان امیری میں ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔