کوئٹہ۔8جون (اے پی پی):بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں تیز رفتاری کے باعث ویگن کھائی میں جاگرنے کے حادثے کے نتیجے میں 22 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ اس حادثے میں ایک 13 سالہ لڑکا شدید زخمی ہوا ہے جسے فوری طورپرکوئٹہ ہسپتال منتقل کیاگیا ہے ،
یہ بات ڈپٹی کمشنرقلعہ سیف حافظ قاسم کاکڑ نے بدھ کو ” اے پی پی “ قلعہ سیف اللہ کے علاقے اخترزئی ادولہ کے مقام پر ہونے والے ٹریفک حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کی ۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو کھائی سے نکالنے کے لیے میڈیکل اور لیویز ریسکیو ٹیموں کا آپریشن جاری ہے،لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیاجارہاہے، ڈی سی حافظ قاسم کاکڑنے مزید بتایا کہ جاں بحق افراد میں 12 مرد،5بچے اور 5 خواتین شامل ہیں،اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر تمام ریسکیو عمل کی نگرانی کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ورثاءکو معلومات اوران کی مدد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہیلپ ٹیم موجود ہے ضلع کے تمام دستیاب ایمبولینسز لاشوں کی ڈی ایچ کیو منتقلی میں مصروف ہیں، لاشوں کی آبائی علاقوں تک منتقلی کے لیے ضلعی انتظامیہ مفت ٹرانسپورٹ دے گی،
ڈی سی قلعہ سیف اللہ حافظ قاسم کاکڑ نے کہا کہ حادثے میں ویگن ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا ہے ، ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکرکے لاشوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم کی جارہی ہے ضروری کارروائی کے تکمیل کے بعد ہی لاشیں ورثاءکے حوالے کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ویگن انتہائی گہری کھائی میں جاگری ہے ،دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے،تمام لاشیں نکالنے میں وقت لگ سکتا ہے ،ویگن قلابازیاں کھاتے ہوئے گری جس کی وجہ سے بری طرح سے تباہ ہوگئی ،مسافر ویگن لورالائی سے ژوب جارہی تھی ویگن تیزرفتاری کیساتھ موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری