راولپنڈی۔28جنوری (اے پی پی):قلعہ عبداللہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرانے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں خوارج نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی۔فوجی جوانوں نے دشمن کی اس کوشش کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جس پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔فوجی جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں پانچوں خوارج جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے،
واصل جہنم ہوگئےتاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو بہادر سپوت نائیک طاہر خان (عمر 39 سال، ضلع ٹانک کے رہائشی) اور لانس نائیک طاہر اقبال (عمر 26 سال، ضلع کرک کے رہائشی) شہید ہوگئے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔