لاہور۔22جنوری (اے پی پی):والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر اہتمام تاریخی قلعہ لاہور میں "قصہ کہانی” کے نام سے بچوں کے لیے ایک ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ بدھ کے روز منعقدہ ایونٹ میں600 سے زائد بچوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں کہانی سنانے کے سیشنز، شاہی، علاقائی و فینسی ڈریس ڈسپلے، مٹی کے برتن بنانے، پینٹنگ، خطاطی، خاکہ نگاری کی ورکشاپس، مغل تاریخ اور پنجاب کے افسانوں کو دریافت کرنے والے کوئز کا ایک خوشگوار امتزاج پیش کیا گیا۔اس سرگرمی نے بچوں کو تفریح اور تعلیم کا ایک پرکشش امتزاج فراہم کیاجس سے نوجوانوں اور بچوں کے درمیان میراث سے گہرا تعلق قائم ہوا۔بچوں کو کٹھ پتلی شو، بندر تماشا اور روایتی منی سنیما کی دلکشی نے بھی مسحور کیا۔ پزل حل کرنے والے کھیل بھی بچوں کو تفریح اور چیلنج کرتے رہے۔
حاضرین نے بچوں کے سیکھنے کے تجربات اور ثقافتی بیداری کو بڑھانے کے لیے اس طرح کے مزید ایونٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس اقدام کی تعریف کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے زور دے کر کہا کہ یہ اقدام نوجوان نسل کے لیے ورثے کو زندہ کرنے کے ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے، تاریخ کو دلچسپ اور قابل رسائی بنا کر اپنے بچوں میں فخر اور تعلق کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے، ’’ قصہ کہانی ‘‘ جیسی سرگرمیوں کا انعقاد ہماری ثقافتی وراثت کے بارے میں گہری تفہیم اور تعریف کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ثمینہ خان نے کہا کہ ’’قصہ کہانی‘‘ ایونٹ میں بچوں کی خوشی اور شمولیت کو دیکھ کر اس طرح کے اقدامات کی اہمیت کو تقویت ملتی ہے
اس طرح کی تقریبات اگلی نسل کو تاریخ اور ثقافت کے ساتھ جوڑتی ہیں اور ان میں پینٹنگز و خطاطی جیسے فنون میں دلچسپی پیدا کرنے کی وجہ بنتی ہیں۔