قلندرز پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کراچی قلندرز ہاکی ٹیم کے اوپن ٹرائلز، ایک ہزار سے زیادہ کھلاڑی کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچے

90
Start of Pakistan Super League
Start of Pakistan Super League

کراچی۔17فروری (اے پی پی):لاہور قلندرز نے جو کہا اس کا آغاز بھی کردیا، لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کی ہدایات پر کراچی قلندرز ہاکی ٹیم کے ایک روزہ اوپن ٹرائلز میں پہلے ہی روز ایک ہزار سے زیادہ نوجوان کھلاڑی ٹرائلز دینے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن (کے ایچ اے) اسپورٹس کمپلیکس پہنچے، صبح 9 بجے شروع ہونے والی رجسٹریشن ٹرائلز کے آخری لمحات تک جاری رہی، کھلاڑیوں کا جوش اور بڑی تعداد کے باعث عاطف رانا نے فائنل ٹرائلز کے لئے ایک دن کی توسیع کردی۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ کراچی والوں میں امید سے زیادہ جوش نے مجھے حیران کردیا ہے، ایک دن کی توسیع نہ کرنا کھلاڑیوں کے ساتھ نا انصافی ہوگی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری نے جس جوش اور جذبے کا اظہار کیا تھا یہاں کھلاڑیوں کی تعداد دیکھ کر وہ درست ثابت ہوا، کراچی کے بعد لاہور، پشاور اور کوئیٹہ میں بھی اوپن ٹرائلز کا انعقاد کریں گے، کرکٹ کی طرح قلندرز پیلئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہاکی میں بھی گمنام ہیروز کو سامنے لانے کا مشن شروع ہوگیا ہے، اپنے پروگرام کے تحت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کریں گے۔

صوبائی وزیر محنت و لیبر سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز فیڈریشن اور حکومت کا کام کررہا ہے، ہاکی ہم سب کا کھیل ہے لیکن بدقسمتی سے یہ بہت پیچھے چلا گیا ہے تاہم یقین ہے کہ لاہور قلندرز کرکٹ کی طرح ہاکی کو بھی بام عروج پر لے جائے گی، شاہین شاہ آفریدی کا اپنی ٹیم کے ساتھ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس آنا مسرت کا باعث ہے، شاہین شاہ اور ان کے ساتھیوں کی آمد سے قومی کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، سندھ حکومت ہاکی کو سپورٹ کرنے میں سب سے آگے ہے، سندھ حکومت عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کرنے جارہی ہے جبکہ ہاکی فیڈریشن کو سالانہ گرانڈ قومی فریضہ سمجھ کر دے رہی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے لاہور قلندرز اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ حیدر حسین نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لئے لاہور قلندر امید کی آخری کرن ہے، کراچی لاہور سیریز کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے تاہم اب ہر بڑے شہر میں قلندر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد ہوگا، دعا ہے کہ لاہور قلندرز اور عاطف رانا کی محنت رنگ لائے اور ہاکی کے میدان میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم سب سے بلند نظرآئے،

صوبائی وزیر سعید غنی کا لاہور قلندر کو کراچی لانے میں اہم کردار ہے، سندھ حکومت گرائونڈ نہ دے اور ہاکی کو سپورٹ نہ کرے تو شاید کوئی ہاکی کا نام بھی نہ لے، اگر آج ہاکی فیڈریشن کام کررہی ہے تو اس میں سب سے اہم کردار سندھ حکومت کا ہے جس پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرحافظ عبدالہادی بلو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ٹرائلز کی نگرانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپیئن کلیم اللہ دیگر ارکان اولمپیئن ناصرعلی، اولمپیئن شکیل عباسی اور محمد نعیم خان کے ہمراہ خود کررہے ہیں۔

لاہور قلندر کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچی تو کھلاڑیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ کھلاڑیوں نے لاہور قلندر کی ٹیم کی آمد کو اپنے لئے ایک یاد گار لمحہ قرار دیا۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے عاطف رانا، حیدر حسین کے ہمرہ گرائونڈ کا چکر لگایا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ہاکی بھی کھیلی۔

لاہور قلندر کے کپتان نے کہا معلوم نہیں تھا کہ ٹرائلز کے لئے اتنے کھلاڑی آجائیں گے، کراچی والوں نے ثابت کردیا ہاکی کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر اولمپیئن حنیف خان، کے ایچ اے کے سرپرست اعلی و نائب صدر پی ایچ ایف میجر جنرل (ریٹائرڈ) طارق حلیم سوری، چیئرمین گلفراز خان، لاہور قلندر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ڈائریکٹر و ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید، منیجر ثمین رانا، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد سمیت کے ایچ اے کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔