اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ قواعد و ضوابط اور ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے تحت کورونا ویکسین کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی آفت ہے اور یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران حکومت کے اقدامات کی دنیا معترف ہے، ہم نے لوگوں کی صحت اور جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ روزگار کا بھی تحفظ کیا، 2 کروڑ 40 لاکھ دیہاڑی دار مزدور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے مثالی فیصلے کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر سیاسی بنیادوں پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے احساس ایمرجنسی کیش کے تحت 12 ہزار روپے فراہم کئے، سب سے زیادہ اس پروگرام کے تحت سندھ میں رقم تقسیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کوویکس کے تحت پاکستان کیلئے 27 ملین خوراکیں کورونا ویکسین کی مختص کی گئی ہیں، اسی طرح حکومت نے کورونا ویکسین کی خریداری اور قیمتوں کے تعین سے متعلق کمیٹی قائم کی ہے، کابینہ اجلاس میں یہ معاملہ آیا، قواعد و ضوابط کے مطابق ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے تحت کورونا ویکسین کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے تحت لوگوں کو ویکسین لگانے کی ترجیحی فہرست بنائی گئی ہے، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے، شہری 1166 پر اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچائو کیلئے پوری قوم کو مل کر کام کرنا چاہئے۔