لاہور۔25جنوری (اے پی پی):ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا سید توقیر حیدر کاظمی نے کہا ہے کہ قوالی ہماری تہذیب کا حقیقی سرمایہ ہے، یہ اپنے حسن و جمال میں شیریں،عشق وپیار کی آواز و محبت کا جشن ہے،قوالی کا الحمرا میلوڈیز میں خاصا چرچا اور ہمہ تن جستجو اس فن کے فروغ کا باعث ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے الحمرا میلوڈیز میں قوالی کے پروگرام کے موقع پر کیا۔الحمرا میلوڈیز کے تازہ ایڈیشن میں نامور قوال عمران شوکت نے اپنے ہمنوائوں کے ساتھ پرفارم کیا اور قوالی سننے والوں کے ذوق کے تسکین کا ساما ں کیا۔سرد ٹھنڈی شام میں قوالی زندہ دلان ِ لاہور کے لئے تحفہ کی مائند ہے،فنکاروں نے جس خوبصورتی سے صوفیا کرام کے کلام کے ساتھ ساتھ معیاری شاعری کو اپنے فن میں پرویا وہ قابل تحسین تھا۔صوفیا کرام کے کلام سے وابستگی ہماری زندگیوں کا اہم حصہ ہے۔
اس کلام کو کسی بھی انداز میں سنا جائے وہ دل کو موم کرتا ہے۔الحمرا میلوڈیز میں سننے والوں پر بھی خاص کیفیت طاری تھی وہ لہلاکر قوالی سن رہے تھے۔الحمرا میلوڈیز کا یہ سلسلہ اپنی عروج کو چھو رہا ہے۔الحمرا آرٹس کونسل انتظامیہ اس سلسلے کو عوام کے لئے آئندہ بھی پیش کرتی رہے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551341