اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا میں قوموں کے مستقبل کو ناپنے کا پیمانہ وہاں کی جامعات کا معیار ہے،انٹرنیٹ کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ مصنوعی ذہانت کے فروغ سے ملازمتوں کے لاکھوں مواقع پیدا ہوںگے۔وہ جمعہ کو سکردو میں یونیورسٹی آف بلتستان کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان نے شرکاء کو یونیورسٹی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کی دو سالہ کارکردگی شاندار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں قوموں کے مستقبل کو ناپنے کا پیمانہ وہاں کی یونیورسٹیز کا معیار ہے، یونیورسٹی آف بلتستان نے قلیل وقت میں اہم ترین تخلیقی اقدامات کئے ہیں ۔ فواد چوہدری نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علمی جستجو کو بڑھانے کے لیے اپنی پسند کے شعبہ کا انتخاب کریں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لیے فور جی سروس دینااہم ترین ذمہ داری ہیکیونکہاس جدید دور میں انٹرنیٹ کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے،اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر سے میں رابطے میں ہوں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہولو گرام ٹیکنالوجی کے بعد فاصلے ختم ہو جائیں گے جبکہ آئندہ چھ سالوں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی فزیکل موجودگی کی ضرورت ختم اور آئندہ دس سالوں میں دنیا بھر میں گاڑیاں الیکٹریک ٹیکنالوجی میں شفٹ ہو جائیں گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومتی کوششں سے مصنوعی انٹلیجنس میں لاکھوں نوکریاں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے نئی نسل سے امید ہے کہ آپ کی محنت سے پاکستان کامیاب ترین ملک بن کر اْبھرے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مستحق طلبہ میں احساس سکالرشپ کے چیکس بھی تقسیم کئے۔