لاہور۔9مئی (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور، محمد احترام ڈار نے کی جبکہ تمام افسران و سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی جی نیب نے افواج پاکستان کی جانب سے دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر فورسز کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے،یہ وقت باہمی اتحاد و یگانگت کا ہے اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت کے مکاری اور بزدلانہ اقدامات سے پورے خطہ کے امن کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔
انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ملک بھارت کے بزدلانہ اقدامات کے خلاف پوری قوم اور قومی ادارے متحد ہیں، جنگ کبھی کسی مسئلہ کا حل نہیں ہےلیکن اگر مسلط کردی جائے تو دشمن کو سبق سکھانا ہمارے خون میں شامل ہے۔
ریلی کے شرکاء نے حکومتی فیصلوں اور مسلح افواج کی جانب سے دفاعی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ریلی کے اختتام پر نیب لاہور کے تمام افسران اور سٹاف کی جانب سے ملک و قوم کی حفاظت اور افواجِ پاکستان کی سلامتی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594955