قومی احتساب بیورو ملتان نے 208 متاثرین اور سرکاری اداروں میں 170 ملین روپے تقسیم کئے ، چیک تقسیم کرنے کی تقریب ٹی ہاﺅس ملتان میں ہوئی

70

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے 208 متاثرین اور سرکاری اداروں میں 170 ملین روپے تقسیم کئے ہیں۔ اس حوالہ سے چیک تقسیم کرنے کی تقریب ٹی ہاﺅس ملتان میں ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمن نے متعلقہ محکموں اور متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، نیب اور سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب ملتان عتیق الرحمن نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اس تقریب میں شرکت کرنا تھی تاہم پرواز کی منسوخی کے باعث وہ نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے اس موقع پر شرکاءکو چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا پیغام پہنچایا جس میں کہا گیا کہ نیب بدعنوان عناصر کے بلاامتیاز احتساب کیلئے بلاخوف و خطر کام کرتا رہے گا، نیب افسران پیشہ واریت پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز مقدمات کی تفتیش جاری رکھیں، ہم کیس دیکھتے ہیں فیس نہیں، نیب بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب نے نیب ملتان کی شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائریوں، انوسٹی گیشنز اور احتساب عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے متاثرین کو ہدایت کی کہ وہ جھوٹے خوابوں اور ہوا میں محل تعمیر کرنے کی بجائے دیکھ بھال کر اپنی سرمایہ کاری کریں۔