قومی احتساب بیورو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ، سابق ایم ڈی پیپکو و دیگر سمیت بدعنوانی کے 4ریفرنس دائرکرنے،12انکوائریز اور 5انویسٹی گیشنز کی منظوری

105

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):قومی احتساب بیورو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی کے 4ریفرنس دائرکرنے،12انکوائریز اور 5انویسٹی گیشنز کی منظوری دی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب،پراسیکوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی نیب،ڈی جی آپریشنز نیب،ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سال سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔ نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے جو قانون کے مطابق ہر شخص کی عزت نفس کا احترام کر نے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔نیب کی تمام انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی جاتی ہیں جوکہ حتمی نہیں ہوتیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعدمزید تحقیقات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تاکہ انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلا س میں 4 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ جن کی تفصیل کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں غلام مصطفی پھل سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ضلع ملیر میں سرکاری اراضی الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 12ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ثاقب سومرو ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر سرکاری اراضی الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو1.5 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں معین آفتاب شیخ،سابق چئیرمین پاکستان سٹیل ملز ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاسپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان پر اختیارات کا ناجائز الزام اور بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو434.468 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں رسول خان محسود سابق منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

ملزم پر اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 12 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔جن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی،وائس چانسلر مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو، لیبر ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے افسران /اہلکاران اور دیگر،میسرز سکائی رومز لمیٹڈ کمپنی اوردیگر،میسرز لکی سیمنٹ فیکٹری،لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران /اہلکاران اور دیگر،محمد علی ساند سابق چیف کمیشنرانکم ٹیکس حیدر آباد اور دیگر،نور محمد جادمانی چئیرمین سندھ پبلک سروس کمیشن،اعجاز علی خان درانی رکن سندھ پبلک سروس کمیشن اور دیگر،پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو قائم مقام وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی کیمپس بدین اور دیگر،اکرام الحق چیف انجینئر ساؤتھ،پی ڈبلیو ڈی،ظفر اقبال،ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسر،سراج نظام،ایکسیئن،پاک پی ڈبلیو ڈی کراچی،غلام مصطفی پھل سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ،گل محمد جاکھرانی،بورڈ آف ریونیو کراچی کے افسران /اہلکاران اور دیگر،ممتاز الرحمان سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو سابق گورنر سندھ،آفیسرز/آفیشلز آف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر اورعبدالوھاب عباسی ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن کراچی اور دیگرکے خلاف انکواری کی منظوری شامل ہے۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 5 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں سندھ کول اتھارٹی کے افسران /اہلکاران،میسرز پاک اوسسز اور دیگر،سید نصرت شوکت اوردیگر،جبکہ عمران شیخ سپرنٹنڈنٹ انجینئر آر بی او ڈی سرکل حیدر آباد،محکمہ آبپاشی کے افسران /اہلکاران اور دیگرکے خلاف تین(03) انوسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں کریک میرینہ پراجیکٹ کراچی کے مالکان/ منیجرز اور دیگر،ایاز خان نیازی سابق چئیرمین این آئی سی ایل اور دیگر،ایس بی سی اے ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے افسران /اہلکاران،میسرز حباء بلڈرزکراچی اور دیگرکے خلاف انکوائریز اب تک کے عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کراچی کے افسران /اہلکاران اور دیگرکے خلاف تحقیقات پلی بارگین کی تکمیل کے بعد معاملہ قانون کے مطابق کارروائی کیلئے ایف بی آر کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں کسٹم ڈیپارٹمنٹ کراچی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف تحقیقات مزید کارروائی کے لئے ایف بی آر کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں کے خلاف وائٹ کالر کرائمز کے میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی نہ صرف اولین ترجیح ہے بلکہ اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں کیونکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اورکرپشن فری پاکستا ن نیب کی اولین ترجیح ہے۔

نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر قانون کے مطابق عمل پیرا ہے۔ نیب انسداد بدعنوانی کا قومی ادادرہ ہے۔نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔نیب نے اپنے قیام سے اب تک 790 ارب روپے جبکہ موجودہ قیادت کے گزشتہ تین سالوں کے دور میں 487ارب روپے بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اربوں روپے کی بد عنوانی کے1269 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کیے ہیں جو کہ زیر سماعت ہے۔

نیب اور پاکستان ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں جبکہ نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ نیب بزنس کمیونٹی کی ملک کی ترقی کیلیے خدمات کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ نیب کسی دباؤ، دھمکی اور پریشر کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیتا رہے گا۔ نیب کا ایسے تمام افراد کو مشورہ ہے کہ نیب پر بلاجواز تنقید کرنے کی بجائے اپنا وقت اپنے خلاف معزز احتساب عدالتوں میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دائر ریفرنسز کے دفاع میں خرچ کریں جہا ں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں /کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور مضاربہ سیکنڈلز کے ملزمان سے عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کیلئے سنجیدہ کاوشیں کر رہا ہے۔نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا خصوصاَ َ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان، پلڈاٹ اور مثعال پاکستان نے نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ جو نیب کیلئے اعزاز ہے۔