قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کا نیب ہیڈ کوارٹرز کی کارکردگی سے متعلق اجلاس سے خطاب

97

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پیشہ واریت اور شفافیت پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، نیب میں مشترکہ تحقیقاتی نظام وضع کرنے سے مقدمات کو میرٹ پر نمٹانے میں مدد ملی ہے، نیب کو 2016ءمیں 2015ءکے مقابلے میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ عوام کا نیب پر اعتماد کا اظہار ہے، عالمی اداروں نے بھی بدعنوانی کی روک تھام کے لئے نیب کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لئے مکمل پیشہ واریت اور شفافیت کے ذریعے میرٹ پر عمل پیرا ہے، نیب نے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کی روک تھام کے لئے موثر جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔