اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید قبال کی زیر صدارت اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں نیب کے آپریشن ڈویژن اور دیگر سینئرافسران نے شرکت کی، نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کرپشن کے 179 بڑے مقدمات پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر 179 میگا کرپشن کے مقدمات میں سے105 مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے قانون کے مطابق بدعنوانی کے ریفرنس احتساب عدالتوں میں جمع کرائے جاچکے ہیں جو کہ زیر سماعت ہیں۔15 مقدمات انکوائری اور19 مقدمات انوسٹی گیشن کے مراحل میں ہیں جن پر قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے، 40 مقدمات کو قانون کے مطابق نمٹادیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کے بڑے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔