قومی احتساب بیورو کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز سید ظاہر شاہ کی نیب ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس

95
APP32-22 ISLAMABAD: December 22 - Zahir Shah, DG Operations NAB briefing journalists at NAB Headquarters. APP

اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز سید ظاہر شاہ نے کہا ہے کہ نیب نے بدعنوانی کے دو بڑے سکینڈلز میں بدعنوان عناصر سے ریکارڈ ساڑھے چار ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 284 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، گزشتہ چار سال کے دوران رضاکارانہ واپسی اور پلی بارگین کے ذریعے مجموعی طور پر بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 45 ارب 37 کروڑ روپے وصول کئے گئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں نیب ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2016ءمیں لوکل گورنمنٹ بلوچستان میں بدعنوانی کا سکینڈل سامنے آیا، نیب نے مناسب معلومات ملنے پر چھاپہ مار کر ملزمان سے 65 کروڑ 32 لاکھ نقدی اور جواہرات برآمد کئے۔ نیب کو انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ سلیم شاہ نامی ایکسین جو کہ مشیر خزانہ خالد لانگو کا منظور نظر تھا، اسے ہر اس جگہ پر تعینات کر دیا جاتا تھا جہاں فنڈز فراہم کرنا ہوتے تھے۔ مذکورہ ملزم نے گرفتاری کے بعد بتایا کہ وہ یہ سب کچھ مشیر خزانہ کے کہنے پر کر رہے ہیں۔ اس نے بتایا کہ پانچ افراد کے نام پر جائیداد خریدی گئی ہے، جن لوگوں کے نام پر یہ جائیداد خریدی گئی، انہیں خود معلوم نہیں تھا کہ ان کے نام پر اراضی خریدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے نام پر ڈی ایچ اے کراچی میں 11 جائیدادیں خریدی گئیں، ان جائیدادوں میں دو کمرشل پلازے، تین بڑے گھر، 6 رہائشی پلاٹ، اور دو قیمتی گاڑیاں شامل ہیں۔