قومی اداروں میں اصلاحات پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، پارلیمنٹ اصلاحات کو متعارف کروانے کے لئے بہترین فورم ہے، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی

59

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ قومی اداروں میں اصلاحات پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، پارلیمنٹ اصلاحات کو متعارف کروانے کے لئے بہترین فورم ہے، نظام میں شفافیت لانے کے لئے انتخابی اور عدالتی اصلاحات بھی بہت اہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے صوبائی علاقوں خصوصاً کراچی میں رہنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما کراچی جیسے بڑے شہر کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے پنجاب اور سندھ میں حکومت کی لیکن انہوں نے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ترقیاتی کاموں پر توجہ نہیں دی، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت غریب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی ناکام رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی نے کہا کہ گڈ گورننس کے لئے قومی اداروں میں اصلاحات پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، پارلیمنٹ اصلاحات کو متعارف کروانے کے لئے بہترین فورم ہے، اپوزیشن کا کردار اس ضمن میں پیشرفت کے لئے بہت ضروری ہے، نظام میں شفافیت لانے کے لئے انتخابی اور عدالتی اصلاحات بھی بہت اہم ہیں۔ حلقہ این اے 249 کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ کم ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا کیونکہ گزشتہ حکومتیں بلدیہ فیکٹری کے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔