قومی اداروں کی تضحیک ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے ، جسٹس ثاقب نثار کی جعلی آڈیو ریلیز کرکے شریف فیملی پھر رسوائی کا شکار ہوئی، معاون خصوصی علی نواز اعوان

62

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جعلی آڈیو ریلیز کرنا ن لیگ کی اس مہم کا تسلسل ہے جو وہ قومی اداروں کے خلاف چلا رہی ہے شریف فیملی کا پرانا وطیرہ ہے کہ وہ ذاتی مفادات کے لیے اداروں اور معتبر شخصیات کی اسی طرح تضحیک کرتی ہے تاہم ایک مرتبہ پھر وہ رسوائی کا شکار ہوئے ہیں ۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پاکستان کے انتہائی اہم عہدے پر فائز رہے ہیں اور ان کے خلاف اس طرح کی مہم چلانا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ عدالت ان سے منی ٹریل مانگتی ہے یہ قطری خط لے آتے ہیں عدالت ثبوت مانگتی ہے یہ کیلبری فونٹ کے پیچھے چھپتے ہیں لیکن منی ٹریل نہیں دیتے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ شریف فیملی کے کیسز جب بھی کسی منطقی انجام کے قریب آتے ہیں تو ن لیگ کی پراپیگنڈا بریگیڈ متحرک ہوجاتی ہے تاہم ایک طرف جھوٹے پراپیگنڈے کے منصوبہ ساز ہیں جبکہ دوسری طرف اللہ کی ذات ہے جو دنیا تمام منصوبہ سازوں سے معتبر ہے الحمدللہ ن لیگ کی مہم اسی طرح بے نقاب ہو گئی ہے اور آڈیو جھوٹی ثابت ہو چکی ہے جس طرح قطری خط اور کیلبری فونٹ کی جعل سازی بے نقاب ہوئی تھی ۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی اگر اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے اپنانے کی بجائے صرف اپنی منی ٹریل دے دیں تو انہیں بار بار رسوا نہ ہونا پڑے۔