اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):قومی اسمبلی نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت، پارلیمنٹ اور قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کے اظہار پر مبنی قرارداد کی متفقہ طورپر منظوری دی ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کے فوری اجلاس بلائے جائیں تاکہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں پا کستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی برادرملک اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے جس سے ایرانی عوام کو جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
یہ ایوان انتہائی مایوسی کے ساتھ نوٹ کرتا ہے کہ 13 جون 2025 ء کی تاریک گھڑیوں میں کیے گئے حملے سے نہ صرف اقوام متحدہ کی رکن ریاست کی خودمختاری اور سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کی بھی واضح خلاف ورزی ہے۔
یہ ایوان خبردار کرتا ہے کہ اسرائیل کی اس طرح کی مسلسل جارحیت نے نہ صرف مشرق وسطی بلکہ پوری دنیا کو سنگین خطرات میں ڈال دیا ہے، جس کے سنگین نتائج کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہو گی۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ یہ ایوان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت، پارلیمنٹ اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور اس حملے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے لئے دعاگو ہے۔
یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کے اجلاس بلائے تاکہ ایران پر جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے، اس کی مذمت کی جائے۔ قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دیدی۔