قومی اسمبلی آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں دو روزہ بین الاقوامی کنونشن منعقد کرنے جا رہی ہے ،راجہ پرویز اشرف

173
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیر کو جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے پاکستان کی قومی اسمبلی آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں دو روزہ بین الاقوامی کنونشن منعقد کرنے جا رہی ہے، 10 اپریل 2023 سے شروع ہونے والی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کنوینشن میں آئین کی بالادستی، حفاظت اور عزت وتکریم کو برقرار رکھنے اور آئین میں درج حقوق و فرائض سے متعلق موضوعات زیرغور لائے جائیں گے تاکہ آئین کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے آنے والے کل کو گزرے ہوئے کل سے بہتر بنایا جا سکے ۔

وہ آئین جو 10 اپریل 1973 کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دانشمندانہ سوچ اور معاملہ فہمی کی بدولت وجود میں آیا ، کنونشن میں بین الاقوامی اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر،چیئرمینوں، پارلیمانی وفود شرکت کریں گے۔کنونشن میں اراکین پارلیمنٹ، سکالرز، دنشور، قانون دان، خواتین، نوجوان، میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔اس اہم ایونٹ میں شریک ممالک علاقائی اور عالمی ایشوز پر آئین کے تناظر میں سفارشات کو حتمی شکل دیں گے۔ یہ تقریب آئین کے حوالے سے ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی مدد گار ثابت ہو گی۔ کنونشن میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔