اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے زائد حصہ ادا کیا گیا ہے‘ پنجاب نے چھوٹے صوبوں کے لئے قربانی دی ہے‘ بلوچستان اسمبلی کی 13 نشستیں بڑھانا وزیراعظم عمران خان کی حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے شمیم آرا پنہور کے سوال کے جواب میں کہا کہ مختلف ادوار میں غربت کی شرح میں کمی پیش آتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی سروے کریں گے ہمارے پاس اطلاعات آئیں گی۔ 1998ءکے مقابلے میں غربت کی شرح میں کمی آئیب ہے۔ ابھی تک غربت کے حوالے سے کوئی سروے نہیں کرایا گیا۔ اس لئے حتمی طور پر موجودہ غربت کی شرح کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت سندھ کو آبادی کے تناسب سے 20 فیصد حصہ سے بڑھ کر درخواستوں کی مدنظر رکھتے ہوئے 30 فیصد سے زیادہ ادائیگی کی ہے۔ پنجاب نے احساس پروگرام کے تحت اس موقع پر بلوچستان اور سندھ کے لئے قربانی دی ہے اور پنجاب میں کم رقم دی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے بلوچستان اسمبلی کی 13 نشستیں بڑھائی ہیں۔