قومی اسمبلی میں ضمنی مالی بل 2023ء میں سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے سمیت مختلف ترامیم کی تجویز

126

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی میں بدھ کو پیش کئے جانے والے ضمنی مالی بل 2023ء میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء میں سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے سمیت مختلف ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ بل پیش کیا جسے مزید غور کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ بل میں سیلز ٹیکس 1990ء کی سیکشن 3 میں سیلز ٹیکس 17 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے، اسی طرح آٹھویں شیڈول کے کالم ون کے نمبر شمار 47 کے کالم 4، نمبر شمار 56 کے کالم 4، نائنتھ شیڈول کے ٹیبل 2 کے کالم ایک کی کیٹگری ای کے کالم 3، ایف کے کالم 3 میں 17 فیصد کی بجائے 18 فیصد کرنے اور کیٹگری جی کے کالم 3 کو 17 فیصد سے 25 فیصد میں بدلنے کی ترمیم تجویز کی گئی ہے جس کے مطابق 500 ڈالر سے زائد کے موبائل فون پر سیلز ٹیکس کی شرح میں 8 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح 50 ہزار روپے سے زائد کے ہوائی ٹکٹ پر مجموعی لاگت کا 20 فیصد یا 50 ہزار روپے کا ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو اس مالی بل کے نفاذ کے بعد جاری ہونے والے ٹکٹوں پر لاگو ہو گا۔