اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن قربان حسین نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں جمہوریت کو مضبوط بنانے اور پاک برطانیہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے لارڈ قربان حسین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
لارڈ قربان حسین نے پاک-برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کو ایک پرامن، انصاف پسند اور ترقی پسند ملک کے طور پر ابھرتے ہوئے دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔