اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی نے مسلح افواج پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور،تحمل و ذمہ داری سے مقابلہ اور مناسب جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تہنیتی قرارداد متفقہ منظور کرلی جبکہ ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا۔پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم سب رب کے شکر گزار ہیں جس نے عزت سے نوازا،افواج نے سرحدوں اور عوام کی حفاظت کی، ہم سرخرو ہوئے۔اس موقع پر سب جماعتوں نے یک زبان کھڑے ہو کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔وزیر قانون نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان پاکستانی مسلح افواج کی تعریف اور امن و مکالمے کے عہد کی تجدیدکرتا ہے۔
یہ ایوان اللہ تعالیٰ کے سامنے عاجزی سے سر بسجود ہے کہ اس نے پاکستانی قوم کو مادر وطن کی سرحدی سالمیت کی حفاظت میں عزت و وقار عطا کیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہے کہ انہوں نے تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر سیاسی قیادت کے پیچھے متحد ہو کر پاکستان کی ایک آواز بلند کی۔قرارداد میں کہاگیا ہے کہ یہ ایوان پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، بیداری اور بہادری کی تعریف کرتا ہے کہ انہوں نے بھارتی جارحیت کا بھرپور تحمل و ذمہ داری سے مقابلہ کیا اور مناسب جواب دیا۔قرارداد میں کہاگیا ہے کہ یہ ایوان ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں قربان کیں اور ان کی عظیم قربانی کو قومی فخر، استقامت اور اتحاد کی علامت تسلیم کرتا ہے۔
قرارداد میں کہاگیا ہے کہ یہ ایوان اس نازک موڑ پر پاکستان کی حمایت کرنے والے دوستانہ ممالک کا دلی شکریہ ادا کرتا ہے۔علاقائی و عالمی امن کے لیے اپنے عہد کو وقار و عزت کے ساتھ دہراتا ہے جبکہ زور دیتا ہے کہ جمہوریتوں کا عزم مکالمے کے لیے ہے، تنازعات کے لیے نہیں۔ اس لیے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار ہمسائیگی اور طویل المدتی استحکام صرف مخلصانہ اور منظم مذاکرات سے ممکن ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات اور متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعے کے حل کے لیے بین الاقوامی برادری کو فعال طور پر شامل کریں۔
قرارداد میں کہاگیا ہے کہ یہ ایوان سندھ طاس معاہدے کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے اور پاکستان کے پانی کے حقوق کی حفاظت کو قومی سلامتی کا اہم جزو قرار دیتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا ہے کہ یہ ایوان عہد کرتا ہے کہ قومی مفادات کی حفاظت اور خطے میں امن، اتحاد و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596196