24.9 C
Islamabad
منگل, اپریل 8, 2025
ہومقومی خبریںقومی اسمبلی میں ملک بھر میں پانی کی قلت اور تقسیم پر...

قومی اسمبلی میں ملک بھر میں پانی کی قلت اور تقسیم پر مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنمائوں کا مسئلے پر سنجیدگی، یکجہتی اور فوری اقدامات کی ضرورت پر زور

- Advertisement -

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی میں ملک بھر میں پانی کی قلت اور تقسیم پر مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنمائوں نے اس مسئلے پر سنجیدگی، یکجہتی اور فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سندھ میں نہروں کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور اس اہم مسئلے کا حل نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور حکومت کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان بھی ہمارا ہے، اگر کام متفق ہو کر کریں تو مسائل حل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم منصوبہ ہمارے سامنے ہے، متنازع منصوبوں سے اثرات برے آئیں گے، اگر کوئی منصوبے ہیں تو اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں،بنیادی چیز یہ ملک ہے، اپوزیشن کی بات بھی ٹھنڈے دل سے سننی چاہیے، جس منصوبے کو بحث مباحثے میں الجھایا اس کی وجہ سے مشکلات ہوئیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق سے میسج جانا چاہیے کہ تمام اکائیاں برابر ہیں، جب تک تلخیاں اور نفرتیں نہیں ختم کریں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صوبے کے ساتھ ظلم نہیں ہونا چاہیے، پانی کا مسئلہ سب کا مسئلہ ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نہروں (کینالز) کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور اس حساس مسئلے کا حل تمام سیاسی جماعتوں اور حکومت کو مل کر نکالنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر صوبے کو اس کا جائز حق ملنا چاہیے تاکہ بین الصوبائی ہم آہنگی قائم رہے۔ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بھی اس مسئلے کی سنگینی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں پانی کے مسائل پر بہت زیادہ تشویش پائی جاتی ہے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر سیاست کی بجائے سنجیدہ مکالمہ ہونا چاہیے۔ اب سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا وقت نہیں، بلکہ تمام جماعتوں کو یکجا ہو کر اس پر بات کرنی چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر سب کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے تاکہ کسی صوبے کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد ہی اس مسئلے کا پائیدار حل نکال سکتا ہے۔ رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے پانی کے مسئلے کو نہ صرف داخلی بلکہ بین الاقوامی چیلنج بھی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ پانی کے حوالے سے دہشت گردی بھارت کی طرف سے کی جا رہی ہے جس کی بھرپور مذمت ہونی چاہیے۔ تمام صوبوں کو وفاق کے ساتھ بیٹھ کر افہام و تفہیم سے اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579278

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں