اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پشاور کے مدرسے اور کوئٹہ دھماکوں کی مذمت کے لئے متفقہ قرارداد منظور کرلی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی متفقہ قرارداد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے مدرسے میں بم دھماکے میں 8 طلباء‘ قراءکرام شہید ہوئے اور 100 زخمی ہوئے اسی طرح کوئٹہ میں بم دھماکہ ہوا جس میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ یہ ایوان ان دھماکوں کی پرزور مذمت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس طرح کا حملہ کوئی مسلمان نہیں کر سکتا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات کا قلع قمع کرنے کے لئے سیکیورٹی فورسز‘ پولیس اور افواج پوری طرح سے تیار ہیں۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ جنہوں نے کارروائی کی ہے انہیں قانون کے حوالے کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ قرارداد سے قبل ایوان کی کارروائی کے آغاز پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ کل پشاور میں دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ ہوا ہے۔ اس پر متفقہ قرارداد بھی آنی چاہیے اور بحث بھی ہونی چاہیے۔