قومی اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد کا ایک روزہ دورہ مظفرآباد،وفد کو مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ

186
Young Parliamentarians Forum in the National Assembly

مظفرآباد۔11نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد نے پیر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا ایک روزہ دورہ کیا۔ وفد کو مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہاں جاری بیان کے مطابق ممبر قومی اسمبلی وصدر ینگ پارلیمنٹرین فورم سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری، ممبران قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، راجہ اسامہ اشفاق، کرن ڈار، ڈاکٹر شائستہ جدون پر مشتمل ینگ پارلیمنٹرینز فورم کا وفد مظفرآباد پہنچا۔ وفد نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا دورہ کیا اور سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور آزاد کشمیر کے نوجوان پارلیمنٹرینز سے ملاقاتیں کیں۔

سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہر حکومت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ینگ پارلیمنٹرین مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز اٹھائیں۔

اس موقع پر ینگ پارلیمنٹرینز کو قانون ساز اسمبلی کی تاریخ، اسمبلی کی نشستوں اور آئینی ترامیم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کو مسئلہ کشمیراور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم اور آزاد کشمیر کی جغرافیائی صورت حال اور یہاں روزگار کے مواقع اور حل طلب مسائل سے آگاہ کیاگیا۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد کے اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے، کشمیر سے ہمارا بڑا گہرا تعلق اور فطری لگائو ہے اور اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انٹر پارلیمنٹری کوآرڈینیشن اہم ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی سمیت تمام معاملات میں باہمی اشتراک سے کام کریں گے۔ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے وفد نے آزاد کشمیر کے ینگ پارلیمنٹرینز کو قومی اسمبلی کے دورے کی دعوت بھی دی۔