قومی اسمبلی نے دوسرے پارلیمانی سال کے پہلے چار ماہ میں 13 حکومتی اور 4 پرائیویٹ بلز منظور کئے

3

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):قومی اسمبلی نے دوسرے پارلیمانی سال کے پہلے چار ماہ میں 13 حکومتی اور چار پرائیویٹ بلز منظور کئے ہیں۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز 1 مارچ 2025 سے ہوا تھا،اس دورانیہ میں قومی اسمبلی میں فنانس بل سمیت 13 حکومتی بلز پاس ہوئے۔

ان میں فنانس بل 2025، ایکسپلوسیو ترمیمی بل 2025، پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025، انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2025،اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025،سول سرونٹس ترمیمی بل 2025،آف دی گرڈ کیپٹیو پاور پلانٹس لیوی بل 2025،سپیشل ٹیکنالوجی زون اٹھارٹی ترمیمی بل 2025،قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتیں بل 2025 منظور کئے گئے۔

اس دوران 4 پرائیویٹ ممبرز بلز بھی منظور کیے گئے ان میں تجارتی تنظیمیں دوسری ترمیم بل 2025،اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2025،دی انٹر نیشنل ایگزامنیشن بورڈ بل 2025 اور گھرکی انسٹیٹیوٹ آف سائنس و ٹیکنالوجی بل 2025 شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پارلیمانی سال فروری 2026 کو اختتام پذیر ہوگا۔قومی اسمبلی کا پارلیمانی سال مارچ سے فروری تک ہے۔پہلے پارلیمانی سال میں کل 9 نجی اور 38 حکومتی بلز منظور کئے گئے تھے۔اس کے مقابلے میں رواں پارلیمانی سال کے پہلے کوارٹر میں ہی 4 پرائیویٹ اور 13 حکومتی بلز منظور کئے گئے ہیں۔\395