اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی نے متفقہ قرارداد میں قوم کو 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا ہے جبکہ معرکہ حق کو بھارت کی بلااشتعال فوجی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کامیابی کو سراہا ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان قائداعظم محمد علی جناح اور قوم کے دیگر بانیان کی قیادت میں تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کو سراہتا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے جن کی قربانیوں کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو ایک آزاد اور خود مختار مملکت پاکستان وجود میں آئی۔ قرارداد میں مسلح افواج، سویلین ہیروز سمیت ایسے تمام عناصر جنہوں نے عزم اور قربانیوں سے قوم کا تحفظ اور استحکام یقینی بنایا ان کے عزم، حوصلے، کردار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا ہے، پاکستان کے عوام کی حب الوطنی، اتحاد اور استقامت کو سراہا گیا ہے جو مشکل وقت میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ رہے۔
قرارداد میں قوم کی عزت، وقار اور آزادی کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد میں پاکستان کے امن، استحکام اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات جو برابری، باہمی احترام اور عدم مداخلت کے اصولوں پر مبنی ہوں، کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنی خود مختاری کے دفاع کا بھی غیرمتزلزل عزم کیا گیا ہے۔ قرارداد میں تمام شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قربانی، نظم و ضبط اور قومی فخر کے جذبہ کے ساتھ پاکستان کی خوشحالی، اتحاد اور ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں۔