اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) پیر یکم ستمبر کو شام پانچ بجے منعقد ہو گا۔ اجلاس کا9 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر جی-13 میں فلیٹس کی تاخیر سے حوالگی کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ایوان میں ’’ورچوئل اسمبلی آرڈیننس 2025‘‘ پیش کریں گے جبکہ کاروباری قوانین میں اصلاحات سے متعلق بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ایوان میں۔ ’’ریگولیٹری ریکوائرمنٹس ختم کرنے اور آسان کاروبار بل 2025‘‘ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے پارلیمانی خطاب پر شکریہ کی تحریک بھی ایوان میں زیر بحث آئے گی۔اجلاس کے دوران حالیہ سیلاب کی صورتحال، قبل از وقت حفاظتی اقدامات اور امدادی سرگرمیوں پر بحث کی جائے گی جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی کارکردگی بھی زیر غور لائی جائے گی۔ سیلاب متاثرین کو بروقت مدد نہ ملنے پر عوامی تشویش کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایا جائے گا۔