قومی اسمبلی کی عمران خان کے بیان کی شدید مذمت ، قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ

National Assembly meeting
National Assembly meeting

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ملکی سلامتی ، پاک فوج اور ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست پاکستان اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائے کیونکہ ان کا یہ بیان پاکستان کی سالمیت، یکجہتی اور ایٹمی پروگرام پر براہ راست اثر انداز ہو رہا ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان کے حوالے سے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں انہوں نے ملکی سلامتی ، پاک فوج اور ایٹمی اثاثوں کے خلاف بات کی ،اراکین اسمبلی نے عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایوان اس امر سے بخوبی واقف ہے کہ نہ صرف پاک فوج اپنی ذمہ داریاں آئین اور قانون کے تحت سرانجام دے رہی ہے بلکہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کی ضامن ہے۔ پاک فوج کی ملکی دفاع کے لئے ناقابل تسخیر خدمات ہیں، پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں۔

یہ ایوان بہادر فوج کو ملک کے دفاع کے لئے دی جانے والی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان عمران نیازی کے بیان کی بھرپور مذمت کرتا ہےاور مطالبہ کرتا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف ریاست سپریم کورٹ سے رجوع کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائے کیونکہ ان کا یہ بیان پاکستان کی سالمیت، یکجہتی اور ایٹمی پروگرام پر براہ راست اثرانداز ہو رہا ہے۔ قومی اسمبلی نے اس حوالہ سے قرارداد کی منظوریدی۔