قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کی پی این ایس سی اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس

85
Qaiser Ahmad Sheikh
Qaiser Ahmad Sheikh

کراچی۔ 07 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصراحمد شیخ نے کہا ہے کہ تمام اداروں میں اصلاحات پر سب متفق ہیں اور رائیٹ سائزنگ چاہتے ہیں، ہمارا مقصد اداروں کی کارکردگی بہتربنانا ہے اور اس میں ملک کی بہتری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی این ایس سی بلڈنگ میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کی چیئرمین قادر پٹیل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی اور پی این ایس سے حکام نے ادارے کے متعلق بریفنگ دی۔وفاقی وزیر قیصراحمد شیخ نےکمیٹی اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ میٹنگ اچھی رہی اور اس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی این ایس سی منافع بخش ادارہ ہے لیکن اس بہتری کی مزید گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اداروں میں اصلاحات ہوں اور اس کے منافع میں اضافہ کیا جاسکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پورٹ پر کنٹینرز کی کلیئرنگ جلدی ہونی چاہئے تاکہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے ساتھ لاگت بھی کم آئے۔کمیٹی کے چیئرمین ایم این اےعبدالقادر پٹیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی تفصیلی رپورٹ بھی کمیٹی کو دی جائیں۔بعد ازاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بریفنگ لے لی ہے ادارے کو بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے،کمیٹی بھی اس حوالے سے سفارشات دے گی۔اصلاحات ہونے چاہئے لیکن ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہوں۔اس موقع پر کمیٹی کے اراکین نے بھی مختلف تجاویز دی۔سیکریٹری بحری امور سید ظفر علی شاھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات میں کسی کو ہدف نہیں بنایا جائے گا ہمارا مقصد ادارہ اور ملک کی بہتری ہے۔

کمیٹی اراکین میں ایم این اے خرم منور منج ،ایم این اے سید رفی اللہ،ایم این اے حسن صابر،ایم این اے کھیل داس کوہستانی، ایم این اے محمد عثمان بدانی اور ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان شامل تھے جبکہ وفاقی سیکریٹری میری ٹائم آفیرز سید ظفر علی شاہ،چیئرمین پی این ایس سی بورڈ شیخ سلطان احمد چاولہ، پی این ایس سی کے سیکریٹری محمد جاوید، جنرل منیجر لیگل ایچ ار ظفر اللہ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شپ منیجمنٹ سید محمد بابر، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر خرم مرزا،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فنانس سید جرار حیدرکاظمی نے اجلاس میں شرکت کی اور کمیٹی کو بریفنگ دی۔بعدازاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے چیئرمین کے زیرصدارت پورٹ قاسم اتھارٹی کا اجلاس بھی پی این ایس سی بلڈنگ میں منعقد ہوا

جس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصراحمد شیخ،کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی، چیئرمین پورٹ قاسم ریئر ایڈمرل مغظم الیاس نے کمیٹی کو بریفنگ دی جبکہ سیکریٹر پورٹ قاسم جہاگیر سجاد بھی اس موقع پر موجود تھے