اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) سیا سی وسماجی رہنماﺅں نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کی عملی تعبیر کے لئے درست سمت کا تعین کرنا ہوگا‘ بابائے قوم کے فرمودات پر عمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک کوششوں سے پاکستان وجود میں آیا اور اب اس کا تحفظ اور اسے ترقی یافتہ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن نزہت صادق نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ وژنری رہنما تھے۔ بابائے قوم نے انتھک محنت اور کوشش سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان قائم ہوا تو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا تھا لیکن قائداعظم محمد علی جناحؒ عزم و ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں اور سرکاری افسران سے خطاب کے دوران محنت کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اسے پورا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات پر عمل کرکے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82281