اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری نے "نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2023” پر غور کیا اور متفقہ طور پر مذکورہ بل کو منظور کرنے کی سفارش کی۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا دوسرا اجلاس پیر کو ایم این اے محمد فاروق ستار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کمپنی (پی آئی اے سی) کی نجکاری کے عمل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں اس کے نقصانات/واجبات میں 1000 ارب روپے سے اضافہ ہوا۔ 2015 میں 200 ارب روپے ،2024 میں 800 ارب روپے اضافہ ہوا جس پر کمیٹی نے اس عمل کو شفاف طریقے سے تیز کرنے کی سفارش کی۔ کمیٹی نے اس عمل کے دوران ملازمین کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا جس کی وزیر نجکاری نے یقین دہانی کرائی۔
سیکرٹری نجکاری نے وزارت کے مجموعی کام اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمیٹی نے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران نجکاری کیے گئے اداروں کے بارے میں تفصیلی ورکنگ پیپر فراہم کریں۔اراکین قومی اسمبلی انوار الحق چوہدری، چوہدری محمود بشیر ورک، عبدالقادر خان، آسیہ ناز تنولی، نذیر احمد بھوگیو، ذوالفقار علی، سحر کامران، خواجہ شیراز محمود، مولانا عبدالغفور حیدری اور وزیر برائے نجکاری سمیت پی آئی اے سی کے حکام نے شرکت کی۔