اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پیر کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کی۔ اجلاس میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے معاملات پر تفصیلی غور خوض کیا گیا۔
نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین سعود ہاشمی نے کمیٹی کو انتخابات کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی اور صوبائی سطح کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ضلعی، صوبائی و کانگریس ادارے کی تشکیل بھی مکمل کر لی گئی ہے تاہم صدر اور انتظامی ادارے کے انتخابات ابھی باقی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پورے انتخابی نظام کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور تمام کھلاڑیوں کو منفرد شناختی نمبر جاری کر دیئے گئے ہیں جن کے ذریعے ان کی کارکردگی اور سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔اجلاس میں کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی فٹ بال تنظیم اور ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کانگریس کے اراکین کے ساتھ ایک اجلاس پہلے ہی طے شدہ ہے۔ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ بقیہ انتخابی عمل دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معطل شدہ اراکین اپنی بحالی کے لیے نظرثانی کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں جن پر نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی نے وضاحت کی کہ قانون کے مطابق کانگریس کے ایک تہائی اراکین تین خواتین اراکین کو ہٹانے کے لیے عدم اعتماد کی تحریک جمع کر سکتے ہیں جسے نارملائزیشن کمیٹی پندرہ دن کے اندر کارروائی میں لا سکتی ہے۔
اس موقع پر کمیٹی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ نارملائزیشن کمیٹی ورکنگ دستاویز کے سوالنامے کا جواب 28 فروری 2025ء تک جمع کرا دے گی۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی جمشید احمد خان دستی، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ، چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی اور ان کے اراکین سمیت وزارت اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565767