اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ذیلی کمیٹی نے بدھ کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) سے متعلقہ مختلف امور، خصوصاً زمین کی تقسیم، بلٹ اپ پراپرٹی (بی یو پی) اور دیگر مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر لینڈ نے کمیٹی کو زمین کے حصول کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی، …
قومی اسمبلی کی ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ذیلی کمیٹی نے بدھ کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) سے متعلقہ مختلف امور، خصوصاً زمین کی تقسیم، بلٹ اپ پراپرٹی (بی یو پی) اور دیگر مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر لینڈ نے کمیٹی کو زمین کے حصول کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی، بلٹ اپ پراپرٹیز کے معاوضوں، ہائوسنگ منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات اور دیگر چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیکٹرز G-14/1، G-15/3، F-14/ اور F-15 میں جاری اور آئندہ آنے والے ایف جی ای ایچ اے کے منصوبوں میں زمین کی تقسیم اور بی یو پی کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
کمیٹی نے ان معاملات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایف جی ای ایچ اے کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ سیکٹرز میں سروے کر کے زمین مالکان اور بلٹ اپ پراپرٹی کلیم کنندگان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ اجلاس کی صدارت ذیلی کمیٹی کے کنوینئر رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کی۔ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی محبوب شاہ اور ابرار احمد نے بھی شرکت کی۔
وزارت ہائوسنگ و ورکس کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اشفاق گھمن، ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال، چیف انجینئر، ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر لینڈ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔









