اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے بجٹ سیشن کے شیڈول اور ایجنڈے کی منظوری دیدی ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 27 جون تک جاری رہے گا۔ منگل کو ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پارلیمانی رہنمائوں کی باہمی مشاورت سے طے پایا کہ قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن 27 جون تک جاری رہے گا۔ 11 اور 12 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو گا۔ 13 جون کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 2025-26ء پر بحث شروع ہو گی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بحث کیلئے وقت دیا جائے گا۔ بجٹ پر بحث 21 جون تک جاری رہے گی۔
وفاقی بجٹ 2025-26ء پر بحث 21 جون کو ہی سمیٹی جائے گی۔ 22 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو گا 23 جون کو قومی اسمبلی میں 2025-26ء کے مختص کردہ لازمی اخراجات پر بحث ہو گی۔ 24 اور 25 جون کو ڈیمانڈز ، گرانٹس ، کٹوتی کی تحاریک پر بحث اور ووٹنگ ہو گی۔ 26 جون کو فنانس بل کی قومی اسمبلی سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ 27 جون کو گزشتہ مالی سالوں کی سپلیمنٹری گرانٹس سمیت دیگر امور پر بحث اور ووٹنگ ہو گی۔